پٹنہ، 22/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی ) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ’کسان سمیلن‘ میں ایک کسان کے ذریعہ انگریزی الفاظ کا استعمال کیے جانے پر ناراض ہو گئے اور اُنہیں ٹوکتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ انگلینڈ میں رہ رہے ہیں ؟۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ’باپو سبھاگار‘ میں چوتھے زراعتی روڈ میپ کے عمل در آمد پر بحث کے لیے وزارت زراعت، بہار کے ذریعہ منعقد پروگرام میں نتیش کمار مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے اس دوران جب کسان اسٹیج سے اپنے مشورے پیش کر رہے تھے تو وزیر اعلیٰ نے انھیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ ’’کیا ہوا تمھیں... آپ اپنے خطاب میں انگریزی کے الفاظ کا استعمال کیوں کر رہے ہیں۔ کیا آپ انگلینڈ میں رہ رہے ہیں؟ یہ انگلینڈ نہیں، بہار ہے۔ آپ کو اپنی ریاست کی زبان میں بات کرنی چاہیے۔ کسان عام لوگ ہیں جو انگریزی نہیں جانتے ہیں۔ اس لیے آپ انگریزی میں جن الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کسان سے کہا کہ ’’میں دیکھ رہا ہوں کہ کورونا کے بعد سے لوگ موبائل فون کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ سب اپنی پرانی زبان بھول رہے ہیں۔ آپ کو صحیح طریقے سے اور اپنی ریاست کی زبان میں بولنا چاہیے۔ آپ جو نکات اٹھا رہے ہیں وہ درست ہے، لیکن انگریزی میں اس کا بیان درست نہیں ہے۔ دنیا میں صرف ایک ہی زبان نہیں ہے۔ آپ ان لوگوں کی زبان بول رہے ہیں جنھوں نے ہمارے ملک پر حکومت کی ہے۔ اس لیے آپ کو ان نکات پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ محکمہ زراعت، بہار نے ریاست میں چوتھا زراعتی روڈ میپ نافذ کرنے سے پہلے منگل کے روز پٹنہ میں ’کسان سماگم‘ کا انعقاد کیا۔ محکمہ نے پٹنہ کے ’باپو سبھاگار‘ میں جمع ہوئے 4700 سے زیادہ کسانوں کو مدعو کیا۔ تقریب کے دوران ہر ضلع سے دو دو کسانوں نے وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنے مشورے رکھے۔ تقریب کے مقام پر ایک ’مشورہ پیٹی‘ بھی رکھی گئی جہاں کسان اپنی باتیں لکھ کر ڈال سکتے تھے۔